ہالی ووڈ فلم ٹارزن کا ہیرو اہلیہ سمیت ہلاک


ٹینیسی: امریکی ریاست ٹینیسی میں چھوٹا مسافر طیارہ اڑان کے فوری بعد گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں مشہور ہالی ووڈ فلم ٹارزن میں ہیرو کا کردار اداکرنے والی امریکی اداکار ولیم جوزف لورا اور ان کی اہلیہ سمیت 7افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق 90 کی دہائی میں ریلیز مشہور فلم سیریز ٹارزن میں ہیرو کا کردار اداکرنے والی اداکار ولیم جوزف لورا اور ان کی بیگم سمیت 7 افراد جہاز حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ ولیم جوزف کی عمر 58سال تھی انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک ماڈل کے طور پر کیا جس کے بعد 1989میں فلم ٹارزن ان منہٹان میں کام کیا اور اس کے بعد 1996 سے 1997 کے درمیان ولیم جوزف نے ٹارزن دا اپیک ایڈونچر سیریز کی جس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔

امریکی حکام کے مطابق نجی طرز کے چھوٹے مسافر بردار طیارے میں 7 افراد سوار تھے، طیارے نے ریاست ٹینیسی کے ائیر پورٹ سمرانہ سے اڑان بھری تاہم تھوڑی ہی دیر بعد قریبی جھیل میں گرکر تباہ ہوگیا، واقعہ کے بعد ریسکیو اداروں نے حادثے کی جگہ کو گھیرے میں لیکر امدادی کارروائیوں شروع کردی ہیں جب کہ حادثے سے متعلق تحقیقات جاری ہے۔