دہشت گردی کا مقدمہ،سابق صوبائی وزیر علی افضل ساہی گرفتار


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آبادکے تھانہ گولڑہ میں درج دہشت گردی کے مقدمہ میں پنجاب کے سابق صوبائی وزیر علی افضل ساہی کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ علی افضل ساہی کو جوڈیشل کمپلیکس کے باہر سے گرفتار کیا۔

علی افضل ساہی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ میں ضمانت کے لئے جوڈیشل کمپلیکس میں پیش ہوئے۔ علی افضل ساہی کے وکیل قاسم عباسی نے بتایا کہ عدالت نے ان کے مئوکل کی تھانہ گولڑہ میں درج مقدمہ میں عبوری ضمانت میں 3جولائی تک توسیع کردی تھی۔

علی افضل ساہی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ تاہم جب علی افضل ساہی جوڈیشل کمپلیکس سے باہر نکلے توانہیں اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جارہا ہے کہ علی افضل ساہی کو دیگر درج مقدمات میں گرفتارکیا گیا ہے۔