ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے اقتدار پرقابض اصل”لوگ” رضاکارانہ طور پرسرنڈر کریں، راشد نسیم


ڈیرہ غازی خان(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان کو بدترین بحرانوں سے نکالنے کے لیے ناگزیر ہے کہ اقتدار پرقابض اصل”لوگ” رضاکارانہ طور پرسرنڈر کریں، کیونکہ ملک کی بساط پر ہدایت کار ایک ہے اور ادا کار بدل رہے ہیں،ایک ہی باؤلر کی باؤلنگ سے ہر نیا بیٹسمین آؤٹ ہورہا ہے اور یہ کھیل گذشتہ 60 سال سے جاری ہے۔

جماعت اسلامی کے گروپ لیڈرزشیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ، جاوید اقبال بلوچ اور سابق امیرِ شہر میاں نعیم ثاقب کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بڑے نفع بخش ادارے ڈوب گئے ہیں،پی آئی اے کا شمار دنیا کی پانچ بڑی ایئر لائنز میں ہوتا تھا،امارات اور سعودی ایئر لائنز، بنانے میں پی آئی اے کا بنیادی رول تھا لیکن آج ہماری پی آئی اے بْری طرح ناکام ھے،ٹیکسٹائل کی صنعت تباہ ہوگئی اور کھیلوں میں دنیا کا چیمپئن پاکستان آجکل شکست خوردگی کا شکار ہے۔

راشد نسیم نے کہا کہ معاشی محاذ پر پاکستان کے ڈیفالٹ کا خوف مسلط ہے اور کرنسی کی ویلیو ختم ہوکر رہ گئی ہے،ان بحرانوں کا واحد حل یہ ھے کہ عوام کو حقِ حکمرانی واپس لوٹایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ،برطانیہ اور انڈیا میں فوج اپنے رول تک محدود ہے۔پاکستان کی فوج کو بھی اْن کی تقلید کرتے ہوئے اپنے اصل فرض دفاعِ وطن تک محدود رہنا چاہیے، شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات کے ذریعے اگر ملک عوام کے منتخب نمائندوں کے حوالے نہ کیا گیا تو حالات مزید خراب ہونگے

پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات ہماری قومی زندگی کا افسوسناک باب ہیں،ملوث افراد کو سزا دینے پر کوئی دو رائے نہیں ہے لیکن بیگناہ شہریوں اور ورکرز کی پکڑ دھکڑ،چارد چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور خواتین کے ساتھ نارواسلوک کی کسی طرح بھی اجازت نہیں دی جاسکتی انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لیڈرز نے جس طرح معافی ناموں پر دستخط کئے ہیں اس سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ مفاد پرست اور کچا پکا مال ایک رگڑ بھی برداشت نہیں کرسکتا لہٰذا پارٹیاں اپنے معیار کا بھی خود جائزہ لیں

کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے الحاق کے بعد نمبرز پورے ہیں اور میئر شپ پر جماعت اسلامی کا حق ہے لیکن اگر پی پی پی کی حکومت نے ریاستی طاقت کے ذریعے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالاتو یہ کراچی کے تین کروڑ عوام کے ساتھ سخت زیادتی ہوگی،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک بار پھر تمام جماعتوں کو تجویز کررہی ہے کہ برداشت اورسیاسی رواداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مل بیٹھیں اور ملک کے مسائل کا سیاسی حل تلاش کریں بصورت دیگر سب ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اور ملک میں ایک بار پھر سیاسی نظام لپٹ اور جمہوریت کی گاڑی پٹڑی سے اْتر جائے گی۔