عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں


پشاور:عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)کی سابق صوبائی صدر اوراے این پی کے رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی اہلیہ بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں۔

ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اے این پی کی جانب سے ان کی وفات کی اطلاع دی گئی۔اہل خانہ نے اے این پی کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بیگم نسیم ولی شوگر اور عارضہ قلب میں مبتلا تھیں۔

اے این کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ بیگم نسیم ولی کی نماز جنازہ  شام 6 بجے ولی باغ چارسدہ میں اداکی جائے گی،

پاکستان کی تاریخ میں بیگم نسیم ولی خان قومی اسمبلی کی نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔انہوں نے 1977 کے عام انتخابات میں 8 جماعتوں پر مشتمل پاکستان قومی اتحاد کے ٹکٹ پر ایوانِ زیریں کے 2 حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔تاہم اتحاد کی جانب سے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کے سبب وہ اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے سے محروم رہی تھیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے اے این پی کی رہنما بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا.،ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحومہ کی سیاسی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔صدر مملکت نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار افسوس کیا۔

بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے سیاست میں فعال کردار ادا کیا اور خیبرپختونخوا سے عام نشست پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

ٹوئٹر پیغام میں قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ خواتین کے اختیارات کے لیے ان کی خدمات طویل عرصے تک یاد رکھی جائیں گی

افغان صدراشرف غنی کابیگم نسیم ولی کے انتقال پراظہار افسوس

افغانستان کے صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے اے این پی کی بزرگ رہنماء بیگم نسیم ولی خان کی وفات پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک تعزیتی بیان میں افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ افغان حکومت اور افغانوں کی جانب سے اسفندیار ولی خان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا بیگم نسیم ولی کے نتقال پر افسوس کا اظہار

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے عوامی نیشنل پارٹی کی رہنماء بیگم نسیم ولی کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اوردلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے مرحومہ بیگم نسیم ولی کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ درجات کے لیے دعا بھی کی ۔وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ مرحومہ کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

آرمی چیف کا بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر اظہار تعزیت

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اے این پی کی رہنماء بزرگ خاتون سیاستدان بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے بلندی درجات کی دعا کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے،

آرمی چیف نے بیگم نسیم ولی خان کے ایصال ثواب کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرے اور مرحومہ کے اہلخانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔

سراج الحق کا بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر اظہار افسوس  دعائے مغفرت

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر اظہار افسوس کیاہے ۔

انہوں نے تمام اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے ، ان کے درجات بلند کرے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل سے نوازے ۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امراء پروفیسر محمد ابراہیم خان ، لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے بھی بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر کا بیگم نسیم ولی کے انتقال پر اظہار افسوس

ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان محمد اصغرنے بیگم نسیم ولی خان کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بحالی جمہوریت کی تحریکوں میں مرحومہ کا اہم کردار رہا ہے۔

ان کی سیاسی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور ان کو جنت الفردو س میں جگہ نصیب کرے۔ آمین