کل جماعتی حریت کانفرنس کا نہتے ،مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت پر اظہا ر تشویش


سرینگر: مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نہتے اور مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی جارحیت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے اور اگر اسکا ظلم نہ روکا گیا تو دنیا تباہی و بربادی کے جہنم میں جاگرے گی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان  نے  اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی عوام کے قتل عام پر عالمی برادری اور خاص کر مسلم ممالک کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بمباری کے ذریعے معصوم بچوں، بوڑھوں اور عورتوں کا قتل ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے ۔ انہوں نے عالمی برادری خاص طور پر اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیا کہ وہ نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا موثر نوٹس لیں۔

جموں وکشمیر ماس موومنٹ کے ترجمان  نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار کرے۔