وزیراعظم شہباز شریف سے معروف کمپنی لیماک ہولڈنگز کی چیئرپرسن کی ملاقات


انقرہ(صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے ترکیہ کی معروف کمپنی لیماک ہولڈنگز کی چیئرپرسن ایبرو اوزدیمر نے انقرہ میں ملاقات کی اور پاکستان میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ایبرو اوزدیمر جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گی اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرکے تجارت و سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے مشترکہ منصوبوں کو حتمی شکل دیں گی۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق ایبرو اوزدیمر نے ملاقات میں “گلوبل انجینئر گرلز “(جی ۔ا ی۔ جی ) جیسے تخلیقی اور خواتین وبچیوں کی تعلیم اور ہنرمندی کے منفرد منصوبے کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ خواتین انجینئرز کے پیشہ وارانہ سفر اور ان کی رہنمائی سے متعلق یہ عالمی فلاحی منصوبہ ہے جس کا مقصد خواتین کی آنے والی نسل کو جذبہ دلانا، خواتین، بچیوں کی تعلیم اور ان کے کیرئیر کے حوالے سے رہنمائی وسرپرستی کرنا ہے۔اس منصوبے سے پاکستان میں تعلیم کی حوصلہ افزائی ہو گی اور خواتین کو اس قابل بنانے میں مدد ملے گی کہ وہ سائنس، ٹیکنالوجی انجینئرنگ اور ریاضی میں اپنا کیریئر بنا سکیں۔ملاقا ت کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔