فلسطینیوں پر اسرائیلی دہشت گردی کے کی مذمت،قومی کھلاڑیوں کا فوری اقدامات کا مطالبہ


اسلام آباد:فلسطین میں اسرائیل کے حالیہ حملوں اور مظالم پر کرکٹرز نے بھی فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے حالیہ پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کی ہے اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ‘فلسطین کے لوگوں کے لیے دعا گو ہوں، انسانیت کے لیے کھڑے ہونے کے لیے ہمیں صرف انسان بننا ہے’۔

کرکٹر احمد شہزاد نے ٹوئٹ کی کہ ‘فلسطین میں جاری حملوں پر بہت دکھی ہوں، ان پر تشدد کارروائیوں کے خلاف فوری اقدامات کیے جانے چاہئیں’۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے لیے دعا گو ہوں، اللہ ان کی حفاظت کرے۔

وہاب ریاض نے ٹوئٹ کی کہ تمام فلسطینی بھائیوں اور بہنوں، خصوصی طور پر بچوں کے لیے دعا گو ہوں۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا کہ ‘جو کچھ وہاں ہورہا ہے انتہائی دل شکن ہے، دعا ہے کہ اللہ اس مشکل وقت میں ان کی مدد کرے’۔

کرکٹر محمد عامر نے لکھا کہ ‘فلسطینیوں کی زندگی معنی رکھتی ہے، کم از کم ہر اسلامی ملک کو فلسطین کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے’۔فخر زمان نے لکھا کہ اسرائیلی فورسز، مسجد الاقصی میں نہتے نمازیوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، وہ زمینوں پر غیرقانونی قبضہ کرکے فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کررہے ہیں اور عالمی امن کے امکانات کو مجروح کرنے کے لیے تمام غیرقانونی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

کرکٹر محمد حفیظ نے وزیراعظم عمران خان کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ‘میں محمد حفیظ ہوں، ایک مسلمان محب وطن پاکستانی اور ہم غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں’۔