حکومت آزاد کشمیر بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا اہتمام کرے ۔ڈاکٹر خالد محمود خان

دھیرکوٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ حکمران وزراء کی تعداد بڑھانے کے لیے 15ویں آئینی ترمیم پر بے تاب ہونے کی بجائے بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا اہتمام کرے ،13آئینی ترمیم کے ذریعے ریاست کوجو اختیارات ملے ہیں ان کو کم کرنے کی بجائے ان میں مزید اضافے کے حوالے سے غور و خوض ہونا چاہیے ،قرآن وسنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں ،قرآن کے ساتھ تعلق کو مضبوط کیا جائے ہمارے سارے مسائل کا حل قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ میں مضمر ہے ،ہندوستان جماعت اسلامی کے قائدین اور حریت پسند عوام پر کریک ڈائون کر کے بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہورہا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے ،

ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکز جماعت اسلامی دھیرکوٹ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ آج جن مسائل اور مشکلات کا شکار ہے اس کی بڑی وجہ قرآن وسنت سے دوری ہے اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی فلاح وبہبود کے لیے جو نظام دیا ہے وہ نافذ اور قائم ہو گا تو عوام کے مسائل حل ہوں گے جماعت اسلامی قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے اللہ کی دھرتی پر اللہ کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا ہم سب پر فرض ہے

انہوں نے کہاکہ حکومت آمدہ بجٹ میں دینی مدارس کے لیے رقم مختص کرے دینی مدارس دین کے قلعے ہیں جو اللہ کی کتاب قرآن کے ساتھ عوام الناس کو وابستہ کررہے ہیں اللہ کے در سے آشنا ہوں گے تو اللہ کی نصرت اور تائید شامل حال ہو گی ،علماء کرام مسالک اور فرقوں سے بالا تر ہو کر امت کی راہنمائی کریں ۔