قوم اور اداروں کا دست و گریباں ہونا کسی کے مفاد میں نہیں ،دردانہ صدیقی

لاہور(صباح نیوز)  سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ قوم اور اداروں کا دست و گریباں ہونا کسی کے مفاد میں نہیں بلکہ یہ وطن عزیز پاکستان کیلئے نقصان دہ ہے،قوم کو قانون و آئین کی پاسداری اور تہذیبی دائرے کی طرف لوٹانے کی ضرورت ہے-ان خیالات کا اظہار دردانہ صدیقی نے دوروزہ رپورٹ اجلاس سے  افتتاحی خطاب کے دوران کیا –

انہوں نے کہا کہ فتنہ  دجال تمام فتنوں سے شدید تر ہے جس سے ہر نبی نے اپنی امت کو آگاہ کیا ہے ۔فتنہ دجال سے بچنے کا مستحکم زریعہ اللہ سے جڑنے اور ڈرنے والی اجتماعیت کا ساتھ ہے ۔ ہمیں خود احتسابی اور اپنے عمل اور نیت کی اصلاح کے ساتھ  بار بار  جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ملکی حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست کے میدان میں اسوقت جو آلودگی ہے, وہ قومی استحکام کے لئے زہر قاتل ہے بحثیت محب وطن پاکستانی سیاسی رہنماں کی ذمہ داری ہے کہ تعصب اور مخالفت سے بالا تر ہوکر قوم کو نفرتوں کے بجائے محبتوں اور مثبت راستوں کی طرف بلائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں خواتین کااحترام لازم ہے خصوصا خواتین سیاسی ورکرز کے ساتھ اخلاقی دائرے کا خیال رکھا جائے ۔حکمت تدبر اور تفکر کے ساتھ قوم کو مایوس ہونے سے بچانا ہے-بروقت اور شفاف انتخابات  مسائل کا حل ہے ۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ پالیسیاں اور قانون سازیاں ذاتی اور پارٹیوں کے مفادات کے تحفظ کے بجائے ملک وقوم کے مفاد میں بنائی جائیںجماعت اسلامی کے پیغام کو کھل کر عوام تک پہنچانا اور انکو باور کرانا ضروری ہے کہ قوم کے موجودہ مسائل کا حقیقی اور پائیدار حل صرف جماعت اسلامی ہی ہے ۔ اجلاس کے آغاز میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان عطیہ نثار نے جدا ہو جانے والے تحریکی ساتھی اور دیگر مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کروائی-اجلاس میں صوباء ناظمات اور شعبہ جات کی صدور نے سالانہ رپورٹس پیش کیں-