مقبوضہ کشمیر، ٹریفک حادثات میں ایک ڈاکٹراور تین خواتین سمیت 14افراد ہلاک،23زخمی


سرینگر:مقبوضہ کشمیر میں مختلف ٹریفک حادثات میں ایک ڈاکٹراور تین خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق اور 23زخمی ہو گئے ۔ضلع جموں کے علاقے جھجر کوٹلی میں ایک گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 8 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے۔پولیس کے ذرائع کے مطابق گاڑی بھارت کے شہر امرتسر سے جموں کے علاقے کٹرا کی طرف آرہی تھی کہ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔

ادھرضلع ڈوڈہ میں بٹوٹ کشتواڑ ہائی وے پر ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر 300فٹ گہرائی میں واقع رگی نالے میں گرنے سے ڈاکٹر وید پرکاش اور دوخواتین سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے ۔ ہلاک ہونیوالوں میں ڈاکٹر کا بھائی پرشاد ،رودا دیوی اور راج کماری بھی شامل ہیں۔

ایک اور حادثے میں وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے علاقے ہش نوش چنار میں بس کی ایک اسکوٹی سے ٹکرکے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اورایک اور زخمی ہو گئی۔دریں اثنا جنوبی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے علاقے اچھہ بل میں ایک تیز رفتار گاڑی کی موٹر سائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں گل محمد گنائی جاں بحق اوراسکے ساتھی محمد اشرف گنائی اور ماجد احمد گنائی زخمی ہو گئے ۔