یوم فتح مکہ اسلامی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،ثمینہ احسان،سمیہ علی


راولپنڈی:حلقہ خواتین جماعت اسلامی پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع راولپنڈی سمیہ علی نے21 رمضان المبارک یوم فتح مکہ کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یوم فتح مکہ اسلامی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔اس موقع سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کو یہ پیغام دیا کہ کیسے اخلاقی قوت کے ذریعے بڑی سے بڑی طاقت پر بھی فتح حاصل کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قوت و اختیار کے باوجود بھی عام معافی کا اعلان کرتے ہوئے امت کے لیے یہ پیغام چھوڑا کہ خون بہائے بغیر استحصالی طاقتوں کو زیر کر کے عدل وانصاف کا نظام نافذ کیا جا سکتا ہے۔

سمیہ علی نے کہا کہ یوم فتح مکہ اصولوں کے استحکام کی مثال ہے اور وسعت قلبی کا بہترین مظہر بھی۔پوری اسلامی تاریخ اٹھا کر دیکھ لی جائے تو اپنے دور حکمرانی میں مخلص مسلمانوں کا کردار جب تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق رہا ،اللہ نے ان کی حکمرانی کو وسیع کیا اور دنیا پر ان کا رعب و دبدبہ قائم کیے رکھا۔اور جب بھی حکمران طبقے نے مفاد پرستی اور ذاتی اغراض کو پورا کرنے کے لیے حکمرانی کی تو اللہ نے ان کا دائرہ تنگ کر دیا اور انہیں دنیا کے سامنے ذلیل و رسوا کر کے چھوڑا۔

ثمینہ احسان نے یوم فتح مکہ کے موقع پر کہا کہ اگر آج بھی ہمارے حکمران اسلامی اصول و قوانین کو فوقیت دیں تو امریکہ ، برطانیہ اور یورپی یونین کی پالیسیوں کے سامنے سرنگوں ہونے کے بجائے دنیا کی امامت کر سکتے ہیں۔