الطاف وانی کی یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی این آئی اے کی کوشش کی مذمت


مظفرآباد(صباح نیوز) ممتاز انسانی حقوق کے کارکن اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما الطاف حسین وانی نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے سربراہ محمد یاسین ملک کو سزائے موت دینے کے بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے حالیہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔این آئی اے کے اس اقدام کو گہری سازش قرار دیتے ہوئے الطاف وانی نے ایجنسی کے خوفناک ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نام نہاد ایجنسی جو ہندو قوم پرست حکومت کی خواہشات پر کام کرتی ہے کشمیری قیادت کو ختم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔جس نے بھارتی ڈکٹیشن کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

اے پی ایچ سی رہنما نے کہا کہ یاسین ملک کشمیر کے ان قابل فخر بیٹوں میں سے ایک ہیں جو اپنے موقف پر ڈٹے رہے اور کشمیر پر اپنے بیان کردہ موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں بند جے کے ایل ایف کے چیئرمین اور دیگر حریت رہنماؤں کو مسئلہ کشمیر پر ان کے غیر متزلزل موقف کی سزا دی جا رہی ہے۔بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے اس معاملے کا موثر نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے، وانی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اس حقیقت کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بی جے پی اپنے فرقہ وارانہ ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے کشمیری رہنماؤں کو قربانی کے بکرے کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا اپنے کھوتے ہوئے ووٹ بینک کو مطمئن کرنے کے لیے کشمیر مخالف اور مسلم مخالف جذبات کو ہوا دینے کا بدترین ٹریک ریکارڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ جے کے ایل ایف کے چیئرمین کے لیے موت کی سزا کے لیے NIA کی کوشش ہندوستان میں اپنی مقبولیت کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے نسل پرست حکومت کے منصوبے کا ایک حصہ ہے۔  انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے 2018 کے انتخابات کے دوران اپنے انتخابی منشور میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کو شامل کرکے ووٹروں کو راغب کیا اور یہ محسوس کرنے کے بعد کہ پارٹی مقبولیت کھو رہی ہے، مسلم مخالف حکومت چاہتی تھی کہ کشمیری لیڈر کو اگلے انتخابات جیتنے کے لیے پھانسی دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ جے کے ایل ایف چیئرمین کے ساتھ درجنوں حریت رہنمائوں مسرت شبیر احمد شاہ،  نعیم احمد خان مسرت عالم بٹ فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، ایاز محمد اکبر، راجہ معراج الدین کلوال، پیرسیفاللہ، محترمہ آسیہ اندابی محترمہ فہمیدہ صوفی، ناہدہ نسرین، محترمہ یاسمین راجہ  اور دیگر شامل ہیں۔ دیگر کے خلاف سخت قانون غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) اور تعزیرات ہند (IPC) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔