مقبوضہ کشمیر: کل جماعتی حریت کانفرنس کا بھارتی ریاستی دہشت گردی میں تیزی پر اظہار تشویش


سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کیلئے بھارتی ریاستی دہشت گردی میں تیزی پرشدید تشویش کا اظہار کیاہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں افسوس کا اظہار کیا کہ بی جے پی کی ہندو توا بھارتی حکومت نے فوجیوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں بے گناہ لوگوں کو قتل ، گرفتار ، تشدد کا نشانہ بنانے اور معذور کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت حریت رہنماوں کو حق خود ارادیت کے حصول کی حق پر مبنی جدوجہد سے دستبردار اکرانے کیلئے بڑے پیمانے پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تحیققاتی ایجنسینیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو سزائے موت دلانے کیلئے نئی ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے جبکہ ایجنسی کی ایک عدالت نے انہیں گزشتہ برس 25مئی کو ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت بدترین جبر کے باوجود نظر بند رہنماؤں اور کارکنوں کے حوصلے توڑنے میں ناکام رہا ہے اور وہ حق پر مبنی اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں۔بیان میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی چیرہ دستیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق، یورپی یونین کے صدر، یورپی پارلیمنٹ کے صدر، یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین پر بھی زور دیا کہ وہ حریت رہنماوں اور کارکنوں سمیت بھارتی جیلوں اور عقوبت خانوںمیں غیر قانونی طور پر نظر بند تمام کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دباو ڈالیں۔