ایل پی جی کی قیمت میں مزید27روپے فی کلو کمی کا اعلان


لاہور: او جی ڈی سی ایل نے اوگرا کی مقرر کردہ پیداواری قیمت سے مزید 27 روپے فی کلو کمی کا اعلان کردیا۔ حکومت کی جانب سے عوام کے لئے رمضان المبارک اور عید کا تحفہ سامنے آیا ہے،

چیئرمین ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان عرفان کھوکھر کے مطابق صرف 2 دن میں پاکستانی ایل پی جی پروڈیوسر او جی ڈی سی ایل نے اوگرا کی مقرر کردہ پیداواری قیمت سے مزید 27روپے فی کلوکمی کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے بتایا کہ سرکاری پیداواری ادارہ او جی ڈی سی ایل نے اوگرا کی مقرر کردہ پیداواری قیمت 74,223.47روپے کو کم کر کے 47,000 مقرر کردی، اوگرا نے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1,572روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 6,050روپے مقرر کی تھی، ایل پی جی اوگرا کی مقرر کردہ قیمت سے گھریلو سلنڈر 300روپے اور کمرشل سلنڈر 1250روپے سستا ہو گیا ہے۔

عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی پیداواری قیمت میں 27روپے فی کلو کمی کے بعد اب مارکیٹ میں قیمت 110روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 1270روپے اور کمرشل سلنڈر 4794روپے میں دستیاب ہے اور پاکستان کے بڑے شہروں لاہور، کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں 100روپے فی کلو پر آگئی ہے، جبکہ پہاڑی علاقے(گلگت بلتستان، باغ، آزاد کشمیر وغیرہ) میں 115روپے فی کلو پر آگئی ہے۔