پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور116رنزسے ہرادیا


ہرارے :پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور116رنزسے ہرادیا۔زمبابوین ٹیم دوسری اننگزمیں صرف 134رنزبناسکی۔پاکستان کے حسن علی نے 5، نعمان علی نے دو اور فہیم اشرف نے ایک شکار کیا۔ فاسٹ بولرحسن علی نے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

دوسرا ٹیسٹ میچ 7مئی سے ہرارے میں ہی کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں فواد عالم کی شاندار بلے بازی کے باعث 426رنز بنا کر آئوٹ ہوئی تھی۔کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو فواد عالم 108اور حسن علی 21 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم حسن علی اپنے انفرادی اسکور میں 6رنز کے اضافے کے بعد 30رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔

نئے آنے والے بلے باز نعمان علی تھے جو پہلی ہی گیند پر گولڈن ڈک کا شکار ہوئے جبکہ ساجد خان نے 7رنز بنائے۔پاکستان کے آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی فواد عالم تھے جو 20چوکوں کی مدد سے 140رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ موزارابانی نے 4 اور ڈونلڈ ٹریپانو نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔خیال رہے کہ زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، 4 کھلاڑیوں کو آٹ کیا تھا۔