سربراہ پاک فضائیہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی نے جمعرات کو سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات کے دوران سربراہ پاک فضائیہ نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے وژن سے بھی آگاہ کیا جس میں اتحادی ممالک سے سمارٹ ٹیکنالوجیز کے حصول اور انفراسٹرکچر کی توسیع کے ساتھ ساتھ آپریشنل و تربیتی شعبوں کی ازسرنو تشکیل کے منصوبے شامل ہیں۔ ایئر چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ استوار ہے جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون، اسٹریٹیجک اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو دونوں ممالک کے مابین علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاک فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیرمعمولی پیش رفت کو سراہا اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

انہوں نے موجودہ دوطرفہ عسکری تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ تربیتی شعبے، نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ہوا بازی کی صنعت میں باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔سربراہ پاک فضائیہ اور متحدہ عرب امارات کے سفیر کے درمیان یہ ملاقات دونوں ممالک کے مابین گہری دوستی کے ساتھ ساتھ پرامن اور مستحکم خطے کے لیے مل کر کام کرنے کے ایک غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے