اسلامی نظام کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے:محمد حسین محنتی


کراچی:جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اسلامی نظام کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے، عوام قرآن وسنت کی بالادستی کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوکھراپار ملیر میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ عوامی دعوت افطار سے خطاب کے دوران کیا،

اس موقع پر ناظم علاقہ ملیر صہیب بلال، علامہ ظہیر عباس ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے لوگ مہنگائی وبدامنی اور ناانصافیوں کی وجہ سے پریشان ہیں مگر حکومت صرف وزارتوں کی تبدیلیوں میں مصروف ہے،

ملک میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے۔عوام کو موجودہ حکومت نے کوئی ریلیف نہیں دیا، اس کے انتخابی نعرے دھوکہ ثابت ہوئے ہیں، ہر طرف افراتفری مچی ہوئی ہے اس صورتحال میں جماعت اسلامی کی قیادت ہی ایک سہارا ہے جسے عوام نجات دہندہ سمجھتے ہیں، صوبائی امیر نے مزید کہا کہ رمضان نیکی کا مہینہ ہے، نیکی پھیلانے میں الخدمت کا ہاتھ بٹائیں، کیوں کہ جب بھی قوم پر مشکل وقت آیا توجماعت اسلامی نے محدود وسائل کے باوجود عوام کی خدمت کی ہے، افطار پارٹی سے صہیب بلال اور علامہ ظہیر عباس نے بھی خطاب کیا۔