الخدمت فاؤنڈیشن ” سموگ فری لاہور ” مہم کے تحت شہر بھر میں ایک لاکھ پودے لگائے گی۔ ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان

لاہور ( صباح نیوز  )الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ” سموگ فری لاہور ” مہم کے تحت شہر بھر میں ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا اور سموگ فری بنا کر صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں  الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ کی سربراہی میں ایک وفد نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کے ہیڈ کوارٹر میں پے ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل محمد طاہر وٹو سے ملاقات کی۔

اس موقع پر الخدمت لاہور کے نائب صدر چودھری محمد سلیم، ایڈ یشنل ڈائریکٹر جنرل پی ایچ ایے صفی اللہ سمیت دیگر زمہ داران بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اور محکمہ جنگلات کے تعاون سے ملک بھر میں ایک کروڑ پودے لگانے کا عزم رکھتی ہے۔  انہوں نے بتایا کہ الخدمت کی جانب سے 24 مئی کو لاہور کو سموگ فری بنانے کے حوالے سے لاہور ائر پورٹ کے قریب ایک گرینڈ پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ جہاں مہم کے پہلے مرحلے میں 15 ہزار سے زائد پودے لگائے جائیں کے۔ ا س موقع پر شہر کی مشہور جامعیات سے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شرکت کریں گے اور مہم میں حصہ لے گے۔

 انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل اس کے نوجوان ہیں اور ہم اپنے ملک کو سرسبز بنا کر دنیا کے لیے مثال قائم کرسکتے ہیں۔ درختوں کی کمی کی وجہ سے سموگ میں اضافہ ہوتا ہے۔،آلودگی پھیل رہی ہے اور امراض پیدا ہورہے ہیں جبکہ درخت لگانے سے آلودگی میں کمی ہوگی۔ ایک درخت اگانا بھی صدقہ جاریہ ہوتا ہے اور ہم نے اپنے ملک کو ہرا بھرا کرنا ہے۔ماحولیاتی تبدیلی کی منفی اثرات سے بچنے کیلئے درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ الخدمت کی جانب سے لگائے گئے پودوں کی مکمل نہگداشت بھی مسلسل جاری رہے گی۔

محمد طاہر وٹو نیکہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی انسانی خدمات سمیت ”سموگ فری لاہور” مہم  جیسی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ماحول کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے الخدمت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔