میرواعظ کشمیر مولانا محمد فاروق کابہیمانہ قتل حزب المجاہدین سے منسوب کرنا ہمالیہ سے بڑا جھوٹ ہے۔ترجمان حزب المجاہدین


مظفرآباد(صباح نیوز) کشمیری حریت پسند تنظیم حزب المجاہدین نے میرواعظ کشمیر مولانا محمد فاروق جیسی ہر دل عزیز شخصیت کے بہیمانہ قتل حزب المجاہدین کی طرف منسوب کرنا ہمالیہ سے بڑا جھوٹ قرار دیا ہے ۔

ترجمان حزب المجاہدین سلیم ہاشمی نے ایک بیان میں کہا کہ مئی 1990کو میر واعظ کشمیر مولانا محمد فاروق جیسی ہر دل عزیز شخصیت کا بہیمانہ قتل حزب المجاہدین کی طرف منسوب کرنا ہمالیہ سے بڑا جھوٹ اور آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے۔شہید میر واعظ کا قتل ایک طے شدہ منصوبے کے تحت انہی قابض فوجی حکمرانوں اور ایجنسیوں نے کروایا جنہوں نے بعد میں شہیدکے جنازے پر بھی اندھا دھند فائرنگ کرکے 60سے زائد شرکا جنازہ کو بے دردی سے شہید کیا۔قابض حکمران کزب بیانی سے اپنے سیاہ کارناموں کو چھپا نہیں سکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب یہ اندوہناک واقعہ ہوا تو اس وقت کی سیاسی و عسکری قیادت سمیت پوری قوم نے اس حقیقت کو سمجھا کہ میر واعظ مولانا محمد فاروق کا قتل در اصل تحریک آزادی کو باہمی انتشار و اختلاف اور خونریزی کی نذر کرنے کا گھناؤنا بھارتی منصوبہ تھا جو الحمد للہ ناکام ہوا۔کشمیری قوم متحد ہے اور کوئی بھی سازش اس قوم کے اتحاد کو پارہ پارہ نہیں کرسکتی۔