کراچی، عدالت نے چار ڈاکوؤں کو دو ،دو مرتبہ موت کی سزا سنا دی


کراچی(صباح نیوز)کراچی کی عدالت نے ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے والے چار ڈاکوؤں کو دو ،دو مرتبہ موت کی سزا سنا دی ۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی کراچی نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے ڈاکوؤں پر پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈکیتی اورچوری کی وارداتوں نے تباہی مچادی ہے۔ ڈاکو سفاکانہ کارروائیاں کرتے ہیں اور دورانِ ڈکیتی شہریوں پر تشدد بھی کرتے ہیں، ڈکیتی کی وارداتوں سے شہریوں کو ذہنی اور جسمانی نقصان پہنچتا ہے، شہر میں ڈکیتیوں کی وارداتوں سے معاشی اور سماجی ترقی بھی متاثر ہوتی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ پولیس ان ڈکیت اور چور گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ عدالت نے کہا کہ ڈکیت گروہ نے سفاکانہ طور 1 شہری کو قتل اور 2 کو زخمی کیا، ڈکیتوں کی فائرنگ سے 1 شہری مستقل طور پر معذور ہو چکا ہے، اس طرح کے جرائم شہریوں کی نفسیات پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔