زمان پارک جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ کیس:فواد چوہدری، حماد اظہر، فرخ حبیب و دیگرکی عبوری ضمانتیں خارج


لاہور(صباح نیوز)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے زمان پارک میں پولیس پر پٹرول بم پھینکے، جلاؤ گھیراؤ اورتوڑ پھوڑ کے مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں فواداحمد چوہدری، محمد حماد اظہر، میاں محمود الرشید ،سینیٹر اعجاز احمد چوہدری، فرخ حبیب اور عمرایوب خان کی عبوری ضمانتیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کردیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجااحمدز بٹر نے فیصلہ سنا دیاجبکہ دوران سماعت عمرایوب کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل اسلام آباد عدالت میں مصروف ہیں ضمانت مسترد کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔

اس پر اے ٹی سی جج کا کہنا تھا کہ جس ملک میں جج اور جنرل فیصلے واپس لینا شروع کردیں اس ملک کے پلے کیا رہ جائے گا۔

اے ٹی سی جج اعجاز احمد بٹر کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس سیدمنصور علی شاہ کا فیصلہ ہے لہذا فیصلہ واپس نہیں لوں گا۔ZS