پنجاب کے مختلف علاقوں میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں،کالعدم تنظیموں کے 4دہشتگرد گرفتار


راولپنڈی،سرگودھا، گوجرانوالہ(صباح نیوز)کائونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب میں کارروائیاںکرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 4 دہشت گرد گرفتار کرلئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سی ٹی ڈی نے پنجاب میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر خفیہ آپریشن میں کالعدم تنظیموں کے چار مطلوب دہشت گرد گرفتار کرلئے۔حکام نے بتایا کہ کارروائیاں سرگودھا، راولپنڈی اورگوجرنوالامیں کی گئیں اور اس دوران سلمان، شیر زمان ، ملک اسرار اور شیر خان نامی دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، چاروں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔

حکام سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں سے بارودی مواد،اور خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد ہوا ہے، گرفتار دہشتگردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق رواں ہفتے سی ٹی ڈی نے 248 کومبنگ آپریشنز کے دوران 51 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ ان کومبنگ آپریشنز میں 11 ہزار 5 سے زائد افراد سے پوچھ کچھ بھی کی گئی۔