تحریک انصاف کی تقسیم اور نفرت انگیز طرز سیاست کے خطرناک نتائج سامنے آ رہے ہیں، سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت پرتشدد احتجاج پر بروقت قابو پا سکتی تھی لیکن افسوس کی بات ہے کہ مشتعل کارکنان کے تشدد کی مذمت تک نہیں کی گئی۔

اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے پرتشدد مظاہرین کو آگ لگائو، جلائو، ٹوٹ پڑو کا کہا بعد میں پر تشدد کارکنان کو روکنے کے بجائے ان سے لاتعلقی کا اظہار کیا، تحریک انصاف کی قیادت پرتشدد احتجاج پر بروقت قابو پا سکتی تھی لیکن افسوس کی بات ہے کہ مشتعل کارکنان کے تشدد کی مذمت تک نہیں کی گئی۔شیری رحمان نے کہا کہ حساس اداروں، سرکاری اور نجی املاک پر منظم طریقے سے حملے کئے گئے، یہ کسی سیاسی جماعت کا ردعمل بالکل نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تقسیم اور نفرت انگیز طرز سیاست کے خطرناک نتائج سامنے آ رہے ہیں، سیاسی جماعتوں کی قیادت کارکنان کو جلائو گھیرائو اور اشتعال انگیزی پر نہیں اکساتی، قیادت کا کام کارکنان کو کنٹرول کرنا اور اشتعال سے روکنا ہوتا ہے،جس طرح تحریک انصاف کی قیادت نے مظاہروں اور اشتعال کو ہوا دی وہ انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک ردعمل ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ پرامن مظاہرہ ہر جماعت اور شخص کا آئینی حق ہے لیکن تحریک انصاف پرامن اور پرتشدد مظاہرے میں فرق نہیں جانتی۔