امیر خان متقی کی قیادت میں افغان وفد کی سراج الحق، مولانا فضل الرحمان سمیت سیاسی قائدین سے مشترکہ ملاقات


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان کے دورے کے موقع پر افغان وزیرخارجہ امیر خان متقی کی قیادت میں افغان وفد نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مشترکہ ملاقات کی ۔ امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیرتجارت بھی اس موقع پر موجودتھے۔

جمعیت علماء اسلام ( ف ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان و دیگر سیاسی رہنما ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں ۔ ملاقات میں نئی افغان حکومت کے بعد سے افغانستان کے حالات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ افغانستان اور پاکستان کے دوطرفہ مشترکہ سیاسی، تجارتی، راہداری اور اقتصادی مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان افغان حکومت کے ٹویٹ کے مطابق اجلاس کے تمام شرکا ء نے دونوں پڑوسی ممالک کی حکومتوں اورعوام کے درمیان قربتیں پیدا کرنے اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے آزادانہ سفر کے لیے امارت اسلامیہ افغانستان کو سہولیات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، محمود خان اچکزئی، ایمل ولی خان و دیگر سیاسی رہنماؤں نے شرکت کی۔جبکہ پاکستان کی سیاسی قیادت نے افغان حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان میں قیام امن اور ترقی کے لیے اپنی تجاویز سے آگاہ کیا ۔ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے سیاسی قیادت کی جانب سے افغان وزیر خارجہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس بات سے اتفاق کیا کہ دو طرفہ عوامی رابطوں اور تجارت کو فروغ ملنا چاہیے ۔ اس موقع پر افغان وزیر خارجہ نے پاکستان کی سیاسی قیادت کو تحائف پیش کئے ۔