جماعت اسلامی الیکشن سیل کا الیکشن کمیشن سندھ کو تیسرا خط


کراچی(صباح نیوز)پولنگ ایجنٹس کو روکنے پر جماعت اسلامی الیکشن سیل نے الیکشن کمیشن سندھ کو تیسرا خط لکھ دیا۔

جماعت اسلامی کے  ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن فوری کارروائی کرے ، یوسی 13نیو کراچی پولنگ سٹیشن نمبر 3میں پریذائیڈنگ افسر نے جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹس کو روک دیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پولنگ ایجنٹ صبح 7 بجے سے پولنگ سٹیشن نمبر 3 کے باہر موجود ہیں۔ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ پریذائیڈنگ افسر اور پولیس نے ہمارے ایجنٹس کو پولنگ سٹیشن کے اندر داخل ہونے سے رو ک رہا ہے۔

واضح رہے کہ سندھ کے 24اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ جاری ہے جو صبح 8سے شام 5بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔کراچی، حیدر آباد، سکھر، جیکب آباد، شکار پور، گھوٹکی، خیر پور، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، عمر کوٹ، مٹیاری، ٹنڈوالہیار، جامشورو، دادو، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں 63نشستوں پر امیدواروں کا چنا ئوہو رہا ہے۔