حکومتی مزاکراتی ٹیم کے سربراہ اسحاق ڈار کا شاہ محمود قریشی سے رابطہ

اسلام آباد (صباح نیوز) حکومتی مزاکراتی ٹیم کے سربراہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے  تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے اہم رابطہ کیا ہے ۔ اسحاق ڈار نے صدر تحریک انصاف چوہدری پرویز الہی کے گھر پر حملے اور چادر چار دیواری کی پامالی پر افسوس کا اظہارکیا ہے ۔پی ٹی آئی سے جاری بیان کے مطابق  مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسحاق ڈار کو چوہدری پرویز الہی کے خاندان کے جذبات سے آگاہ کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو چوہدری پرویز الہی کے گھر پر غیرقانونی حملے پر تحریک انصاف کے جذبات سے بھی آگاہ کیا۔ وفاقی وزیرخزانہ نے واضح کیا کہ چوہدری پرویزالہی کے گھر پر حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں، اسحق ڈار  نے کہا کہ یہ کاروائی نگران پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی ہے،  تحریک انصاف کے جذبات سے اپنی قیادت کو آگاہ کریں گے، اسحق ڈار  نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں جلد تحریک انصاف سے دوبارہ رابطہ کریں گے۔