اسرائیلی فوج کی جیپ نے فلسطینی نوجوان کو کچل دیا ،2گرفتار


جنین (صباح نیوز) قابض اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے جنوب میں ایک جیپ فلسطینی نوجوان پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا جبکہ قابض فورسز نے جنین کیمپ سے دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنین کے جنوب میں قباطیہ اور زبابدہ کے قصبوں کے درمیان ایک فوجی گاڑی کے رن اوور کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے نوجوان کو ابن سینا سپیشلسٹ ہسپتال لایا گیا۔

اسرائیلی قابض فوج نے جنین کیمپ سے دو نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ قابض فوج نے نوجوان ہانی عطا ابو رمیلہ کو جنین کے جنوب میں زبابدہ قصبے کے قریب اچانک فوجی چوکی سے گرفتار کیا اور نوجوان اسامہ زید صلاح کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ قریب ایک فوجی چوکی سے گزر رہا تھا۔

اس کے علاوہ قابض اور اس کے آباد کاروں نے مغربی کنارے کے الگ الگ علاقوں میں شہریوں اور ان کی زمینوں کے خلاف حملے اور خلاف ورزیاں کیں۔بیت لحم میں آباد کاروں نے ”الشعف”کی زمینوں پر تقریباً 100پھل دار پودو ں کو اکھاڑ پھینکا۔