اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا


لاہور:پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 6 میں شریک ایک کھلاڑی   فواد احمد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی کھلاڑی فواد احمد کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری پیغام میں بتایا ہے کہ پی ایس ایل کے آج کے میچ میں شریک ٹیموں میں سے ایک کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق مذکورہ کھلاڑی میں 2 روز قبل کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں جس کے بعد اسے فوری طور پر آئسولیٹ کردیا گیا تھا۔پی سی بی کے مطابق مذکورہ کھلاڑی کی ٹیم میں شامل تمام ارکان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے جب کہ دوسری ٹیم میں شامل اسکواڈ کی کورونا ٹیسٹنگ جاری ہے۔

ترجمان اسلام آباد یونائٹیڈ کے مطابق کورونا کی علامات ظاہر ہونے پر دو روز قبل فواد احمد کو آئسولیٹ کردیا گیا تھا۔ترجمان نے کہا ہے کہ فواداحمد کی جلد صحت یابی کیلے دعاگو ہیں، ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں اور اسٹاف کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔