گو ورننس بہتر بنانے کیلئے موجودہ شہروں کو سمارٹ شہروں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔صدر عارف علوی


اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا ہے کہ گوورننس بہتر بنانے کے لئے موجودہ شہروں کو سمارٹ شہروں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔صدر عارف علوی کی زیرِ صدارت سمارٹ سٹیز پروگرام  بارے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیرِ سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن اور آئی ٹی ایکسپرٹ  نے شرکت کی ۔ اس موقع پر صدر نے کہا کہ گورننس بہتر بنانے کے لئے موجودہ شہروں کو سمارٹ شہروں میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورننس، تعلیم اور دیگر شعبوں میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس بروئے کار لا کر معیار زِندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ڈیجیٹل انقلاب شہریوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کا ایک بے مثال موقع ہے،ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے شہریوں کو زیادہ موثر ، پائیدار اور جامع سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہروں میں سمارٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے شہریوں کو بہتر معیار زندگی اور سیکیورٹی حاصل ہوگی، اس موقع پر صدر کو بتایا گیا کہ سمارٹ شہروں کی تشکیل کے لئے ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے، خصوصی شعبوں میں میں تحقیق اور ترقی کیلئے قومی مراکز قائم کیے گئے ہیں، قومی مراکز کی مصنوعات سے نقل و حمل کے موثر نظام ، جرائم کا پتہ لگانے اور سائبر جرائم کی تفتیش میں مدد ملے گی،  اس موقع پر بتایا گیا کہ نائیجیریا نے انسداد دہشتگردی کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کرنے پر نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔