پارلیمان کو حقیقی معنوں میں اپنی قومی زندگی کا محور بنانے کا وقت آگیا ،شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمان کو حقیقی معنوں میں قومی زندگی کا محور بنانے کا وقت آگیا ہے، آئین کی روشنی میں ترتیب دیئے گئے رولز آف دی گیم ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔

آئین پاکستان 1973کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ  قوم 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی منا رہی ، یہ ایک مقدس دستاویز ہے جس نے گزشتہ نصف صدی کے دوران بہت سے طوفانوں کا سامنا کرتے ہوئے وفاق کومتحد رکھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس موقع پر آئین کے خالقوں کو ان کی سیاسی دور اندیشی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 1973 کے آئین کا ہمارے قومی کردار، شناخت اور مستقبل کیلئے راستہ متعین کرنے میں مرکزی کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ پارلیمان کو حقیقی معنوں میں اپنی قومی زندگی کا محور بنایا جائے اور آئین کی روشنی میں بنائے گئے رولز آف دی گیم ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔