اقوام متحدہ،امریکہ کاپاک بھارت جنگ بندی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم


نیویارک:اقوام متحدہ اور امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول(ایل او سی)اور دیگر سیکٹرز پر جنگ بندی معاہدے میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گویٹریس نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی  مثبت پیش رفت ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ترجمان کے مطابق سیکریٹری جنرل انتونیو گویٹریس نے امید ظاہر کی ہے کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی پاکستان اور بھارت کے درمیان مزید بات چیت کی راہ ہموار کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت کی طرف سے جاری مشترکہ بیان سے حوصلہ ملا،امید ہے دونوں ممالک میں مزید بات چیت کی راہ ہموار ہوگی۔صدر جنرل اسمبلی اقوامِ متحدہ نے پاک بھارت مشترکہ اعلامیہ دوسروں کے لیے مثال قرار دیا ہے۔ امریکہ نے بھی جنگ بندی سے متعلق پاکستان اوربھارت کے مشترکہ اعلامیہ کاخیرمقدم کیا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اس پیشرفت کومزید آگے بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر جنگ بندی جنوبی ایشیا میں امن اوراستحکام کیلئے مثبت پیشرفت ہے، جنوبی ایشیا میں وسیع تر امن اور استحکام ہم سب کے مفاد میں ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز)کے درمیان ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا ہے جس میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے پر سختی سے عمل درآمد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اس اتفاقِ رائے کے بعد کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد شروع ہو گیا ۔