بزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی کانریندرمودی کی کشمیرآمد پرمکمل ہڑتال کااعلان


سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق چیرمین وبزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی کشمیر آمد پر مکمل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت ایک جابر اور قابض کی حیثیت سے کشمیر میں موجود ہے،

ٹویٹرپر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر اور بھارت کے درمیان تعلق جبر  پر مبنی ہے۔ یہ قابض اور مقبوض کا رشتہ ہے جس میں خیر سگالی کے کسی  جذبے کیلئے دونوں اطراف سے کوئی گنجائش نہیں۔ جہاں ایک طرف قابض بھارت ظلم و ستم کے ذریعے اس جبری تعلق کو قائم رکھنے میں مضر ہے وہیں دوسری جانب مقبوضہ کشمیری عوام غم و غصہ اور احتجاج کے ذریعے  اس جبری تعلق سے اپنی بیزاری کا لگاتار اور برملا اظہار کرتے آرہے ہیں۔

سیدعلی گیلانی نے کہاکہ  اپنی اس دیرینہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اور اپنی دینی و قومی غیرت کے تقاضے کو سمجھتے ہوئے ہم بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مجوزہ کشمیر دورہ کے موقعہ پر پورے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کرکے بھارتی حکمرانوں کو اس  حقیقت کا ایک بار پھر آئینہ دکھائیں گے جس سے وہ لگاتار فرار اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انشاء اللہ