ملکی سیاسی صورتحال،وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ایاز صادق کا دورہ امریکا منسوخ


اسلام آباد(صباح نیوز) ملکی سیاسی صورتحال کے باعث وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اقتصادی امور ایاز صادق نے دورہ امریکا منسوخ کردیا۔

ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اقتصادی امور ایاز صادق نے دورہ واشنگٹن میں10 اپریل سے آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کرنا تھی، دورہ منسوخ کئے جانے کی وجہ موجودہ ملکی سیاسی صورت حال ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف حکام اور امریکی ٹریژری ڈیپارٹمنٹ کے اعلی حکام سے سائیڈ لائن میٹنگ کرنی تھی۔علاوہ ازیں آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول کے معاہدے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے بھی سائیڈ لائن میٹنگ میں امور زیر غور آنا تھے۔

ذرائع کے مطابق اب وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ سمیت اقتصادی ٹیم کے دیگر ارکان آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔