محمد علی سدپارہ کی بیوہ کو30لاکھ روپے امداد کا اعلان


گلگت:وزیراعلی گلگلت بلتستان نے کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی بیوہ کو30 لاکھ روپے امداد دینے کااعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں محمد علی سدپارہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیااوران کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کابینہ نے محمد علی سدپارہ انسٹیٹیوٹ آف ایڈونچراسپورٹس مانٹینئرنگ اینڈ راک کلائمبنگ کے قیام کی منظوری دے دی۔اجلاس میں وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی بیوہ کو30 لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا،

ساتھ ہی محمد علی سدپارہ کے بیٹے کوتعلیمی قابلیت کے مطابق محکمہ سیاحت وکھیل میں ملازمت دینے کا اعلان بھی کیا۔اس کے علاوہ محمد علی سدپارہ کو اعلی سول اعزاز کے لئے نامزد بھی کر دیا گیاہے۔واضح رہے کہ اٹھارہ فروری کو کوہ پیما محمد علی سد پارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے والد کے انتقال کی تصدیق کردی تھی۔