سپریم کورٹ، جسٹس شوکت صدیقی کیس کی جلد سماعت کےلئے درخواست دائر

انٹرنیٹ فوٹو

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ کے معزول کئے گئے جج جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے  اپنے مقدمہ کی جلد سماعت کےلئے عدالت عظمی میں درخواست دائر کردی ۔

ایڈووکیٹ آن ریکارڈ احمد نواز چوہدری کے توسط سے دائر کی گئی جلد سماعت کی درخواست میں جسٹس شوکت صدیقی نے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت نے گذشتہ سماعت پرقراردیا تھا کہ کیس فروری مٰں سماعت کےلئے مقرر کیا جائے گا تاہم ابھی تک کیس سماعت کےلئے مقرر نہیں کیا گیا ۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ مفاد عامہ کا مقدمہ ہے جس میں عدلیہ کی آزادی، قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کے  اہم نقطہ سے متعلق سوال اٹھایا گیا ہے اس لئے اس کیس کی فوری سماعت انتہائی ضروری ہے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا ہے کہ اس کیس میں ان کے آئینی و قانونی حقوق کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔ اس لئے درخواست گزار کی استدعا ہے کہ اس کیس کو جلد سماعت کےلئے مقرر کیا جائے۔اگر فوری طور پر اس کیس کی سماعت نہ کی گئی تو درخواست گزار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق جج شوکت صدیقی کو ہٹانے کیخلاف درخواست سماعت کےلئے منظور

جسٹس شوکت صدیقی نے استدعا  کی ہے کہ ان کی درخواست 25فروری کو سماعت کےلئے مقرر کی جائے۔