سپریم کورٹ کے حکم پر عمل شروع، پنجاب میں الیکشن کا شیڈول جاری

اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے شیڈول جاری کر دیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو ہوں گے، کاغذات نامزدگی میں اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 10 اپریل ہو گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق اپیلیٹ ٹریبونل اپیلوں پر فیصلے 17 اپریل تک کرے گا اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 18 اپریل کو جاری ہو گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 19 اپریل ہوگی اور  امیدواروں کو انتخابی نشانات 20 اپریل کو جاری ہوں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14 مئی کو کرانے کا حکم دیا تھا۔