شفا فاؤنڈیشن کے تحت فرسٹ لیڈیزگالف میچ


اسلام آباد:شفا انٹرنیشنل ہسپتال اور شفا فاؤنڈیشن نے مل کر بریسٹ کینسر آگاہی پروگرام کے سلسلے میں مارگلہ گرین گالف کلب اسلام آباد میں فرسٹ لیڈیز گالف میچ کاکامیاب انعقاد کیا۔پاکستان کی خاتون اول  ثمینہ عارف علوی تقریب کی مہمان خصوصی تھیں ۔ خاتون اول ملک میں کامیابی کے ساتھ بریسٹ کینسر آگاہی مہم کی رہنمائی کررہی ہیں۔ انہوں نے جیتنے والوں میں انعامات اور منتظمین میںشیلڈز تقسیم کیں۔

مسز علوی نے بریسٹ کینسر آگاہی پروگرام کے سلسلے میں لیڈیز گالف میچ کا اہتمام کرنے پر شفاانٹرنیشنل ہسپتال اور شفا فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے تمام خواتین پر زور دیا کہ وہ کسی بھی ابتدائی غیر معمولی صورتحال اور پیچیدگی کے بارے میں محتاط رہیں اور 40 سال سے زائد عمر کی خواتین سال میں ایک بار میموگرافی کروائیں تاکہ ابتدائی مرحلے میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال کا پتہ چل سکے۔گالف میچ میں خواتین اور بچوں سمیت 65 سے زیادہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ میچ پانچ مختلف درجوں میں کھیلے گئے۔ بریسٹ کینسر کے بارے میں شعور پیدا کرنے کیلئے گالفرز کو گلابی لباس پہنایا گیا تھا

۔بریسٹ کینسر خواتین میں موت کی سب سے بڑی وجہ ہے۔بریسٹ کینسرکی اسکریننگ کی مدد سے جلد تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے گالف میچ کے شرکاء کو مفت میموگرافی کارڈز اور 50 فیصد رعایتی میموگرافی کوپنز پیش کیئے گئے۔شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسراور شفا فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر منظور ایچ قاضی نے کہا کہ بریسٹ کینسر پاکستان میں سب سے عام کینسر ہے کیونکہ ہر9میں سے ایک خاتون کو اپنی زندگی میں چھاتی کے کینسر کا خطرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفا فاؤنڈیشن اور شفا انٹرنیشنل ہسپتال بریسٹ کینسر کی جانچ ، تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرکے محروم خواتین برادری کی مدد کر رہا ہے۔تیمور شاہ ، چیف آپریٹنگ آفیسر ، شفا انٹرنیشنل ہسپتال نے بتایا کہ خواتین کے اس گالف میچ کے انعقاد کا مقصد کینسر کے خلاف جنگ میں خواتین کو بااختیار بنانا تھا اور تمام خواتین کو چھاتی کے کینسر کی اسکریننگ کروانے کی ترغیب دینا تھا۔

اس طرح کی سرگرمیاں مؤثر افراد اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے ایک سے دوسرے کے ذریعہ چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے پیغامات کو پھیلانے میں معاون ہیں۔شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر ذیشان بن اشتیاق نے اظہار خیال کیا کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی ایک حساس موضوع ہے کیوں کہ خواتین عام طور پر خاندان کے افراد اور طبی پیشہ وارانہ افراد سے ا س موضوع پر کھل کر گفتگو کرنے سے گریزاں ہیں۔ اس وجہ سے خواتین ابتدائی غیر معمولی پن کو نظرانداز کرسکتی ہیں جو بصورت دیگر ٹھیک ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں ایک خصوصی شفا بریسٹ کلینک ہے جو پیشہ وارانہ افراد کی کثیر الشعبہ ٹیم ہے جو بریسٹ کینسر کے مریضوں کو تشخیص اور علاج کیلئے بشمول پیچیدہ اور غیر معمولی حالات ، ایک ہی جگہ موثر علاج اور نگہداشت فراہم کرتے ہیں۔