اقوام متحدہ اور عالمی برادری جموں وکشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لے۔مسرت عالم بھٹ


سری نگر:نئی دہلی کے تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بھٹ نے اقوام عالم سے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام تقریبا آٹھ دہائیوں سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بھار ت سے اپنے ناقابلِ تنسیخِ حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس پر انہیں بھارتی فسطائی ریاست کی طرف سے بدترین سیاسی،سماجی،ثقافتی،معاشی اور مزہبی جارحیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ تحریک مزاحمت کے شہدا ء کے ورثا اور پسماندگان کے ساتھ رمضان کریم کے اس بابرکت مہینے میں مکمل یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کریں۔ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہدائے جموں کشمیر نے اپنے گرم گرم لہو سے جموں کشمیر کے چپے چپے کو لالہ زار کیا اور کشمیری عوام کو ایک ہی لڑی میں پرویا اور ہمیں اس خون کا امین بنادیا۔ لاکھوں شہدا کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک واحد طریقہ ہے کہ اس بابرکت مہینے میں اس بات کا اعادہ کیا جائے کہ ان کے مقدس خون کے ساتھ نہ ہی خود دغا بازی کریں گے اور نہ ہی کسی اور کو اس کا سودا کرنے دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شہدا نے آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور ان ہی کے طفیل مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے۔ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کے آلہ کار دینی معاملات میں مداخلت کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس آڑ میں لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے معاشی طور لوگوں کو بدحالی کی طرف دھکیلنے کیلئے مختلف مقامات پر سیب کے سینکڑوں درخت کاٹ دیے ہیں جبکہ اس سے قبل سینکڑوں سیبوں سے بھری گاڑیوں کو دانستہ طور پر روک کر 2000 کروڑ روپے کا نقصان کیا گیا جو کشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازش ہے ۔بھارتی مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بھار ت سے اپنے ناقابلِ تنسیخِ حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ جموں کشمیر میں قتل عام اور امن پسند شہریوں کی گرفتاریوں سمیت انسانیت کے خلاف بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو بھارت کی ریاستی دہشت گردی سے بچانے میں کردار ادا کریں تاکہ قضیہ کشمیر اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق حل ہوسکے۔