عمران خان نے پاکستان کے بہادر سیاستدانوں کی ناک کٹوا دی، طلال چوہدری


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستان کے بہادر سیاستدانوں کی ناک کٹوا دی ہے ، ورلڈکپ کی طرح عمران خان کے ساتھ بزدلی کا لفظ بھی ہمیشہ رہے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے بہادر سیاستدانوں کی ناک کٹوا دی ہے ، قانون سب کے لیے برابر ہونے کا بھاشن دینے والا عدالت کے سامنے سرینڈر نہیں کر رہا۔انہوں نے کہاکہ عدالتی حکم ملے توپٹرول بم پھینکے جاتے ہیں ، پولیس عدالتی حکم کی تعمیل کروانے کے لیے ڈنڈے کھا رہی ہے۔

لیگی رہنما نے کہاکہ انسانی جانیں بچانے کے لئے پولیس صبر و تحمل کا مظاہرہ کررہی ہے، پولیس گھر آئے تو غیرت مند خود پیش ہوتے ہیں، اپنی بہنیں اور بیٹیاں آگے نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کی طرح عمران خان کے ساتھ بزدلی کا لفظ بھی ہمیشہ رہے گا۔طلال چوہدری نے سوال کیا کہ عدالتیں اپنے حکم پر عملدرآمد نہیں کرا سکتیں تو شفاف الیکشن کیسے ہوں گے؟۔