حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضا فہ عوام دشمنی ہے،مریم نواز


اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو عوام دشمنی قرار دیدیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے لکھا کہ پٹرول بم گرانے کے ایک ہفتے کے اندر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بدترین عوام دشمنی ہے۔مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں کا اثر ضروریات زندگی کے تمام اشیا پر ہوتا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا حکومت نے عوام کو اس قابل چھوڑا ہے کہ وہ نااہلی کے عذاب کا ہر ہفتے مقابلہ کرسکیں؟ غریب کیسے زندہ رہے؟خیال رہے کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈالتے ہوئے بجلی فی یونٹ ایک روپیہ پچانوے پیسے مہنگی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اپنی ایک دوسری ٹویٹ میں مریم نواز نے لکھا کہ عوام کا خون چوسنا نالائق اعظم سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔ اس شخص کا وزیراعظم کی کرسی پر گزارا گیا ایک ایک لمحہ عوام پر بھاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جو حکومت عوام کے ووٹ سے نہیں آتی، اسے نہ عوام کا احساس ہوتا ہے نہ وہ عوام کو جوابدہ ہوتی ہے۔ یہ سمجھ گیا ہے کہ اس کی ناجائز حکومت کے ساتھ اس کی سیاست بھی ختم ہو جائے گی۔