عمران کی ممکنہ گرفتاری،مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکن سڑکوں پر نکل آئے

کراچی ،لاہور (صباح نیوز)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے ، کارکنوں نے شاہرائوں کو ٹائر جلا کربلاک دیا اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ  زمان پارک میدان جنگ بن گیا، پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان میں ٹکراوہوا۔کراچی کے مختلف علاقوں حیدری، ماڑی پور روڈ ،شاہین کمپلیکس ، قیوم آباد، دائود چورنگی، فورکے چورنگی،سٹار گیٹ، حسن سکوائر، سہراب گوٹھ اور دیگر علاقوں میں تحریک انصاف کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج شروع کر دیا،

پی ٹی آئی کارکنوں نیحکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور ٹریفک کو بلاک کردیا ،جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔راولپنڈی میں بھی تحریک انصاف کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کر رہے ہیں، عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس ایکشن کے خلاف مری میں سابق ایم این اے صداقت عباسی کی قیادت میں جی پی او چوک پر احتجاج کیا گیا، پی ٹی آئی مظاہرین نے ٹائر جلا کر مرکزی شاہراہ بند کردی۔گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے کارکنوں کو احتجاج کیلئے گوندلانوالہ چوک پہنچنے کی ہدایت کردی۔ملتان میں بھی تحریک انصاف کے کارکن عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف احتجاج کررہے ہیں۔ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پی ٹی آئی کارکنان نے انڈس ہائی وے کو گنڈی چوک پر بند کر دیا،اس سے قبل زمان پارک کے باہر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں کے درمیان شدید تصادم ہوا ہے ۔

۔پولیس کا واٹر کینن اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کا پیچھا کرنا شروع کردیا ہے ۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھرائو کیا جارہا ہے ۔سی سی پی او لاہور کے مطابق پولیس کے پاس کوئی ہتھیار نہیں ہے ۔ پولیس زمان پارک کے گیٹ تک پہنچ گئی ہے ۔ پولیس واٹر کینن کا استعمال کیا جارہا ہے ۔پو لیس نے زمان پارک میں دو اطراف سے پیش قدمی شروع کی تھی ۔۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار کی آنکھ میں پتھر لگا ہے ۔دوسری جانب زمان پارک میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم کے سبب لاہور شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو ڈائیورٹ کرنے سے دیگر شاہراہوں پر ٹریفک کا دبائو بڑھ گیا اور کینال روڈ کے علاوہ مال روڈ ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ اور گلبرک کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام رہا،شاہراوں پر شدید ٹریفک جام کے سبب عوام کوشدید پریشانی کا سامنا رہا،

اس سے پہلے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمودقریشی کی میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنادفاع کررہے ہیں ۔شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ ان کے عزائم کواللہ خاک میں ملائیگا۔ عمران خان کادفاع کریں گے۔جبکہ عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی خبروں کے حوالے سے فرخ حبیب کی پولیس سے مذاکرات کے بعدمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم نوٹس پولیس سے مصول کرلیتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی ہمارے وکلانوٹس اوروارنٹ کوعدالت میں چیلنج کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پرپہلے بھی قاتلانہ حملہ ہوا،اب رسک نہیں لے سکتے۔ ہماری سیکیورٹی کی درخواست پہلے ہی جمع ہے جس پر عملدرآمدنہیں ہوا۔