ملک کو اس وقت محب وطن لوگوں کی ضرورت ہے،نواز شریف


لندن ( صباح نیوز) مسلم لیگ نواز بر طانیہ کے مرکزی رہنما خواجہ عرفان کی قیادت میں چار رکنی وفد نے قائد مسلم لیگ نواز میاں محمد نواز شریف کے ساتھ گزشتہ روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

اس موقع پر قائد مسلم لیگ نواز شریف نے خواجہ عرفان کی برطانیہ میں پارٹی خدمات کو سراہا اور کہا کہ برطانیہ میں مقیم لوگوں نے جس انداز سے جماعت کو منظم کیا اس پر تما م کارکنا ن بالعموم اور خواجہ عرفان بالخصوص مبارکباد کے مستحق ہیں۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ وہ بہت جلد پاکستان جائیں گے اور ملک کو دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر موجودہ اقتصادی بحران سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت محب وطن لوگوں کی ضرورت ہے تاکہ وطن عزیز کو عالمی برادری کی صفوں میں اعلی مقام واپس دلایا جا سکے۔ ملاقات کے دوران خواجہ افتخار حسین، ارشد محمود چوہدری ٹھیکیدار، ناصر بٹ اور آزاد جموں وُکشمیر کے سابق سینئر بیورو کر یٹ فرحت علی میر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر فرحت علی میر نے خواجہ عرفان کی موجودگی میں مسلم لیگ نواز میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا اور قائد مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہا کیا۔اس موقع پر میاں نواز شریف نے فرحت میر کو جماعت میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ علاوہ ازیں

عمران خان کو خود گرفتاری دے دینی چاہیے تھی لیکن یہ کام بہادر کرتے ہیں: نواز شریف

سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کو تو خود گرفتاری دے دینی چاہیے تھی لیکن یہ کام تو بہادر لوگ کرتے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے نواز شریف سے سوال کیا کہ  کیا عمران خان کو وقار کے ساتھ گرفتاری دے دینی چاہیے تھی؟

اس پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو وقار کا مطلب بھی نہیں پتہ کیا ہے، وقار عمران خان کے قریب سے بھی نہیں گزرا۔ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کو تو خود گرفتاری دے دینی چاہیے تھی لیکن یہ کام تو بہادر لوگ کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کا عمران خان سے پوچھیں جس نے چوری کی ہے۔