توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران خان کی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی یقین دہانی

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنرڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی یقین دہانی کروادی جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان، پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 28مارچ تک ملتوی کردی۔

ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی کی سربراہی میں ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ اور ممبر الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا جسٹس (ر)اکرام اللہ خان پر الیکشن کمیشن کے چاررکنی بینچ نے پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت فواد چوہدری اپنے وکیل فیصل چوہدری کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جبکہ اسد عمرکے وکیل انورمنصور خان بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

دوران سماعت ایس ایچ اوبنی گالہ بھی کمیشن میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت وکیل فیصل چوہدری کا دلائل میں کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے وارنٹ گرفتاری کو معطل کردیا ہے اور فواد چوہدری وارنٹ معطل ہونے کے بعد بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ہیں ۔جبکہ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن تنقید ضرور سنتا ہے لیکن ہم الیکشن کمیشن کی تعریف بھی کرتے ہیں۔ اس پر ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی نے کہا کہ ہمیں نہ آپ کی تعریف کی ضرورت ہے اور نہ ہی تنقید کی کوئی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے حوالے سے دبائو برداشت کررہا ہے۔ اس پر ممبر الیکشن کمیشن نثار احمد درانی نے کہا کہ الیکشن کسی کی مخالفت یا حمایت نہیں کرتااورتمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرتا ہے۔ فواد چوہدری نے کمیشن نے درخواست کی کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے اورانہیں ویڈیو لنک کے زریعہ پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔