ملاوی اور موزمبیق میں سمندری طوفان نے تباہی مچادی، 100 سے زائد افراد ہلاک


لیلنگوے(صباح نیوز) افریقی ممالک ملاوی اور موزمبیق میں سمندری طوفان فریڈی نے تباہی مچادی، 100 سے زائد افراد ہلاک اور 90 سے زیادہ زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سمندری طوفان فریڈی پہلے موزمبیق اس کے بعد ملاوی کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا، طوفانی ہواؤں سے متاثرہ علاقوں میں مکانات کی چھتیں اڑ گئیں، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، موسلادھار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔

رپورٹس کے مطابق کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے، متاثرہ علاقوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا،مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور 90 سے زائد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے، ملاوی میں متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق ملاوی کے متاثرہ علاقوں میں تیز بارشوں کا سلسلہ تا حال جاری ہے، سمندری طوفان فریڈی گزشتہ ماہ بھی موزمبیق، ملاوی اور مڈغاسکر سے ٹکرایا تھا۔