سراج الحق کی سابق رکن قومی اسمبلی محمد لئیق خان کے انتقال پر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت

کراچی ( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے سابق رکن قومی اسمبلی وسابق نائب امیرجماعت اسلامی ضلع غربی محمد لئیق خان کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے گھر جاکر ملاقات و اظہار تعزیت کیا۔ ملاقات میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر کراچی عبد الوہاب ، سکریٹری ضلع شرقی ڈاکٹر فواد،نائب امراء ضلع شرقی انجینئر عزیز الدین ظفر ، نعیم اختر ودیگر بھی موجود تھے ۔

سراج الحق نے محمد لئیق خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت لواحقین پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اور کہاکہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی اقامت دین کی جدوجہد اورعوامی مسائل کے حل کی کوششوںمیں وقف کردی ، قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونے کے بعد مرحوم نے کراچی کے مسائل کے حل کے لیے قومی اسمبلی میں بھی بھرپور آواز اٹھائی ، ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔