براڈشیٹ معاملہ حکومت کے منہ پر تمانچہ ہے،مریم نواز


لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت بے نقاب ہو چکی ، براڈ شیٹ کا معاملہ حکومت کے منہ پر تمانچہ ہے، ان کا جھوٹ انہیں کے سامنے آگیا۔عمران خان کے کچھ حواریوں کے اسعفےٰ آئے ہیں اس سال انشاءاللہ عمران خان اکیلے رہ جائیں گے، وہ اناڑی کھلاڑی ہیں، ان کے وزیروں،مشیروں کو سمجھ آنا شروع ہو گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار مریم نواز شریف نے احتساب عدالت میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صداور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمدحمزہ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے تمام اپوزیشن جماعتیں بھر پور احتجاج کریں گی۔ 31جنوری کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)دھنرے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔ ضمنی انتخابات کے حوالہ سے سرگرم رہنماﺅں اور کارکنوں کو ہدایت کر دی ہے ، انشاءاللہ ضمنی الیکشن (ن)لیگ جیتے گی۔ لاہور خوبصورت شہر تھا، نااہل حکومت نے اسے کچرے کا ڈھیر بنادیا۔

ایک سوال پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ بلاول بھٹو زردزاری الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے ہونے والے احتجاج میں شرکت کریں گے یانہیں، اس حوالہ سے پاکستان پیپلز پارٹی سے پوچھا جائے، ابھی مجھے اس کی کوئی اطلاع نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 19جنوری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے بھر پور احتجاج ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم عوام کی تحریک ہے،حکومت اپنے آپ کو طفل تسلیاں دے رہی ہے وہ میڈیا کی حد تک ہے، اندر سے ان کے جس طرح ہاتھ پاﺅں اور سانسیں پھولی ہوئی ہیں ، انشاءاللہ وقت آنے پر جب پی ڈی ایم سٹرائیک کرے گی تو پتہ چلے گا۔براڈ شیٹ کے معاملہ پر حکومت کی بدنیتی سامنے آگئی۔ اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کی بے گناہی پھر ثابت کر دی اور حکومت خود پھنس گئی، براڈ شیٹ کو استعمال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ الٹ ہو گیا۔

انہوں نے قومی خزانہ برباد کیا نکلا کچھ نہیں اور نواز شریف کو بے گناہی مل گئی۔ براڈ شیٹ سے پیسے مانگ کر پتا چل گیا کہ یہ کتنے کرپٹ، نااہل اور چور ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جس سے خطرہ ہوتا ہے اسے جیل میں ڈال دیتے ہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ جلد باہر آئیں گے۔ تمام کیسز سے ایک دن ضرور سرخروہوں گے۔ یہ احتساب نہیں انتقام ہے۔جبکہ مریم نواز نے شہباز شریف سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور حکومت مخالف تحریک پر مشاورت کی۔