لاہور ہائی کورٹ میں ظلِ شاہ کی ہلاکت پر جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے درخواست دائر


لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال عرف ظلِ شاہ کی ہلاکت پر جوڈیشل کمیشن بنانے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست ایڈووکیٹ ندیم سرورنے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی۔ایڈووکیٹ ندیم سرور کی جانب سے درخواست میں پنجاب حکومت، آئی جی پنجاب اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ ظلِ شاہ کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا حکم دے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی نے علی بلال عرف ظل شاہ کی موت کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔

پرویز الہی نے کہا تھا کہ ماڈل ٹاون سانحے میں رانا ثنا جیسے لوگوں کو سزا ہو جاتی تو آج سانحہ زمان پارک نہ ہوتا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ظلِ شاہ واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، جوڈیشل انکوائری کے ملزموں میں سرفہرست محسن نقوی اور آئی جی پنجاب ہیں۔