گوادر پورٹ کی تکمیل سے بلوچستان میں خوشحالی آئے گی،ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کی تکمیل سے بلوچستان کے عوام کے لئے معاشرتی اور معاشی خوشحالی آئے گی۔

صدر مملکت اپنے زیرِ صدارت گوادر پورٹ پر ترقیاتی سرگرمیوں سے متعلق اجلاس میں گفتگو کررہے تھے، اجلاس میں وفاقی  وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی ، مشیر تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داود  نے شرکت کی ، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر صدر مملکت نے کہاکہ گوادر بندرگاہ سے علاقائی روابط کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ، انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک بالخصوص افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو سی پیک سے فائدہ  ہوگا، صدر عارف علوی نے کہاکہ گوادر بندرگاہ سے پاکستان کو ٹرانزٹ ٹریڈ کا علاقائی مرکز بننے میں مدد ملے گی ، گوادر پورٹ سے بلوچستان کے عوام کو روز گار کے بے پناہ مواقع حاصل ہوں گے۔