پاکستان سٹیل ملز کی ملکیتی اراضی کی قیمت کے تعین کا فیصلہ رواں ماہ آخر تک مکمل کرلیا جائے گا


اسلام آباد:پاکستان سٹیل ملز کی ملکیتی اراضی کی قیمت کے تعین کا فیصلہ رواں ماہ جنوری کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا جبکہ اس کی نجکاری کے لئے اظہار دلچسپی کے ٹینڈرز مارچ میں جاری کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر نجکاری محمد میاں سومرو کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس وزارت نجکاری اسلام آباد میں ہوا ، جس  میں وفاقی سیکرٹری وزارت نجکاری کے علاوہ وزارت نجکاری اور نجکاری کمیشن کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت نجکاری کے آئینی معاملات  دفتری امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق امور سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے چین  روس اور کوریا کی ممتاز سرمایہ کار کمپنیوں سمیت مختلف سرمایہ کاروں سے روزانہ کی بنیاد پر بات چیت ہو رہی ہے۔

شرکا کو بتایا گیا کہ پاکستان سٹیل ملز کی ملکیتی اراضی کی قیمت کے تعین کا فیصلہ رواں ماہ جنوری کے آخر تک مکمل کرلیا جائے گا جبکہ اس کی نجکاری کے لئے اظہار دلچسپی کے ٹینڈرز مارچ میں جاری کئے جائیں گے۔اجلاس میں بجلی کی ترسیلی نظام کے لئے قائم  ڈسکوز کے حصص کی نجکاری  کمپنی کے نظم ونسق کی تفویض اور دیگر متعلقہ امور بھی پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت توانائی اور دیگر متعلقہ اداروں سے تجاویز حاصل کرنے کے بعد کیا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر محمد میاں سومرو نے کہاکہ سرکاری معاملات کو موثر انداز میں نمٹانے کے لئے وزارت کے دفتری امور کو جلدازجلد جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا، خواہش ہے کہ دفتری کام کو روایتی طریقہ کار کے بجائے جدید خطوط  (ای۔ فائلنگ) پر منتقل کیا جائے۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ نجکاری سے متعلق قانونی اور پالیسی معاملات کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے اور قانونی مقدمات کو شفاف اور موثر انداز میں نمٹایا جانا چاہئے۔