سینیٹر فاروق ایچ نائیک بین الپارلیمانی یونین کی قائمہ کمیٹی برائے جمہوریت کے بلا مقابلہ ممبر منتخب

اسلام آباد (صباح نیوز)پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر فاروق ایچ نائیک بین الپارلیمانی یونین کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی و جمہوریت کے بلا مقابلہ ممبر منتخب ہوگئے،آئی پی یو کا سالانہ  ایشیا پیسفک گروپ کا اجلاس اس وقت مناما بحرین  میں جاری ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے پارلیمانی وفدنے انسانی حقوق سے متعلق پاکستان کے نقطہ نظر کو بھر پور انداز میں پیش کیا ۔

سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور سینیٹر مشاہد حسین سید پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق اور جمہوری روایات کا فروغ میرا مشن ہے ۔ارکان کی معاونت سے انسانی حقوق کی سربلندی کے لئے بھر پور کوشش کرتے رہیں گے ۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹر فاروق ایچ نائیک بلا مقابلہ ممبر آئی پی یو قائمہ کمیٹی انسانی حقوق و جمہوریت  منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتخاب انکی انسانی حقوق کے لئے کاوشوں کا اعتراف ہے،وہ ایک تجربہ کار اور ماہر قانون دان ہیں ،پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے ، آئی پی یو اہم فورم،  انسانی حقوق سے متعلق علاقائی و عالمی معاملات کو موثر انداز میں اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

سینیٹر فاروق حامد نائیک، نے ہمیشہ انسانی حقوق اور جمہوریت کے فروغ اور تحفظ کے لیے مضبوط عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس اہم کمیٹی کے لیے ان کا انتخاب پاکستان اور دنیا بھر میں ان اہم مسائل پر پیشرفت کے لیے ان کی مہارت اور لگن کا ثبوت ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ ”ہمیں یقین ہے کہ سینیٹر فاروق نائیک اپنے وسیع تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قائمہ کمیٹی کے کام میں اہم کردار ادا کریں گے۔ ہم قائمہ کمیٹی کے رکن کے طور پر ان کے نئے کردار میں ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور عالمی برادری کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔